رینجرز کے کراچی میں چھاپے، دس ملزمان گرفتار ،اسلحہ برآمد

رینجرز کے کراچی میں چھاپے، دس ملزمان گرفتار ،اسلحہ برآمد

کراچی:  رینجرز نے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران دس ملزمان کو گرفتارکرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔ گرفتار ملزمان دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔

ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق سہراب گوٹھ اور سائٹ میں کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ، گرفتار ملزمان میں محبوب علی کا تعلق سپاہ محمد اور محمد عثمان کا تعلق جماعت الاحرار سے ہے، ملزم محبوب علی 2013 میں سہراب گوٹھ میں رینجرز کی موبائل پر فائرنگ اور دیگر جرائم میں سی ٹی ڈی کو مطلوب ہے۔

ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق لیاری میں کارروائی کرکے گینگ وار کے ملزم نوشاد کو گرفتار کرلیا، ملزم بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور گینگ وار کی سہولت کاری سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہے۔اس کے علاوہ کیماڑی مچھر کالونی میں کارروائی کے دوران چار منشیات فروشوں کا گروہ گرفتار کرلیا گیا، گرفتار منشیات فروشوں میں سبحان، پولیس کانسٹیبل دانش، اظہر علی اور عبید شامل ہیں، جن کے قبضے سے منشیات برآمد کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق ناظم آباد اور نیو کراچی کے علاقے میں کی گئی کارروائیوں میں تین اسٹریٹ کریمنل گرفتار کرلیے، گرفتار ملزمان محمد علی، ذیشان اور محمد عامر چوری اور ڈکیتی سمیت اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔تمام گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اوربھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی ہے ، 6 ملزمان کو پولیس اور چار ملزمان کو اے این ایف کے حوالے کیا جارہا ہے.

مصنف کے بارے میں