میچ جیتنے کے لیے ’’کامن سینس‘‘ بہت ضروری ہے، عاقب جاوید

میچ جیتنے کے لیے ’’کامن سینس‘‘ بہت ضروری ہے، عاقب جاوید

دبئی : پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں اب تک کوئی میچ نہ جیتنے والی ٹیم لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ نے مسلسل شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گراؤنڈ کے اندر دماغ کا استعمال بہت ضروری ہے۔

تیسرا میچ ہارنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ گراؤنڈ کے باہر چاہے جو بھی پلان بنے اصل امتحان گراؤنڈ کے اندر میچ کی صورتحال کے مطابق فیصلے کرنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میچ جیتنے کے لیے ’’کامن سینس‘‘ بہت ضروری ہے، وکٹ پر حاضر دماغی کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے۔لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے مزید کہا کہ اگر سنگل ڈبلز کی ضرورت ہو تو چھکے مارنے کی کوشش عقلمندی نہیں ہوتی، میچ کو سمجھ کر کھیلنے کی ضرورت ہے، کراچی کے خلاف اچھے آغاز کے باوجود میچ ہارنا افسوس ناک ہے، ایسا میچ تو آپ بہت ہی خراب کرکٹ کھیل کر ہی ہار سکتے ہیں۔

 
عاقب جاوید نے کہا کہ کراچی کے خلاف میچ نہایت آسان تھا لیکن بیٹسمینوں نے وہ شارٹس منتخب کیے جن کی ضرورت نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ عمر اکمل جیسے تجربہ کار کھلاڑی کو بنیادی باتیں بتانے کی ضرورت نہیں پڑنی چاہیے، جب ایک اوور میں چھ رنز کا اوسط ہو تو خطرات مول نہیں لیے جاتے، سمجھدار کرکٹ کھیلنی ہوتی ہے۔