ڈیوین اسمتھ نے پی ایس ایل کو دنیا کی مشکل ترین لیگ قرار دیدی

ڈیوین اسمتھ نے پی ایس ایل کو دنیا کی مشکل ترین لیگ قرار دیدی

دبئی: پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے نامور ویسٹ انڈین بلے باز ڈیوین اسمتھ نے پاکستانی باؤلرز کی معیاری باؤلنگ کی وجہ سے پی ایس ایل کو دنیا کی بقیہ لیگز کی نسبت مشکل ترین لیگ قرار دیا ہے۔

ابتدائی تین میں سے دو میچز ہارنے والی دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کے بلے باز نے کہا کہ شکستوں کے باوجود ہمیں ایونٹ سے باہر قرار نہیں دیا جا سکتا اور ہم پلے آف مرحلے میں رسائی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کنگز کے خلاف میچ میں ڈیوین اسمتھ نے ناقابل شکست 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی لیکن اس کے باوجود ان کی ٹیم کو کراچی کنگز کے خلاف میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہم ایونٹ میں شاندار انداز میں واپسی کریں گے. ہم اس میچ میں شکست کو سر پر سوار نہیں کریں گے اور پلے آف کیلئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

انہوں نے زلمی کے شائقین کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمت نہ ہاریں کیونکہ ہم نے بھی ہمت نہیں ہاری۔ ہم ایونٹ میں بھرپور طریقے سے واپسی کریں گے اور آخری دم تک جیت کیلئے لڑیں گے۔