فیصل سبحان نے شہباز شریف کے جعلی خطوط استعمال کر کے کمپنی بنائی، احمد خان

فیصل سبحان نے شہباز شریف کے جعلی خطوط استعمال کر کے کمپنی بنائی، احمد خان

لاہور: ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان نے اپنے بیان میں کہا کہ فیصل سبحان نے اعجاز نامی شخص سے مل کر ایک جعلی کمپنی بنائی جس کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سینیٹر مشاہد حسین سید کے جعلی خطوط استعمال کیے گئے۔ ملک احمد خان کے مطابق جب چین نے یہ معاملہ ہمیں بھیجا تو تحقیقات کرنے پر ہمیں پتہ چلا ان کی کوئی کمپنی نہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق ہم نے چینی سیکیورٹیز اینڈ ریگولیٹری کمیشن (سی ایس آر سی) کو ملتان میٹرو کے کنٹریکٹرز کی تمام تفصیل بھیجی تو چین نے ان کی جعلی کمپنی بلیک لسٹ کر دی۔  ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی پہلا موقع نہیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اس سے پہلے بھی الزامات لگاچکے ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ’شہباز شریف کی پاناما لیکس اب منظر عام پر آئی ہے اور کیپٹل کنسٹرکشن نامی کمپنی کے سربراہ فیصل سبحان نے ملتان میٹرو منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات کرنے والے چینی حکام کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ شہباز شریف اور ان کے خاندان کے بیرون ملک اکاؤنٹس میں بھاری کمیشن منتقل گیا۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اس اعتراف کے بعد فیصل سبحان کو غائب کر دیا گیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اس گمشدگی کی عدالتی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ گزشتہ روز عمران خان نے کہا تھا کہ شہباز شریف نے 9 سالوں میں 9 ہزار ارب روپے خرچ کیے اور فیصل سبحان نے ملتان میٹرو میں کرپشن سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف گواہی دی تو اسے غائب کر دیا گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں