اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ

اسلام آباد: اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کررہے ہیں جو تقریباً گزشتہ 5 ماہ سے جاری ہے جب کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق احتساب عدالت نے 6 ماہ میں ریفرنسز پر فیصلہ سنانا ہے۔شریف خاندان کے خلاف ٹرائل کے 6 مہینے 19 مارچ کو مکمل ہو رہے ہیں۔

جج محمد بشیر کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے بھجوائی گئی ہے جس میں ان کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کی سفارش کی گئی ہے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر 2012 میں عہدے پر تعینات ہوئے جس کے بعد انہیں 2015 میں تین سال کی توسیع دی گئی تھی۔