سیاستدان آسان ہدف ہیں، آمروں کو ہاتھ نہیں لگاتے، نواز شریف

سیاستدان آسان ہدف ہیں، آمروں کو ہاتھ نہیں لگاتے، نواز شریف

لاہور: مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ماڈل ٹاؤن میں جاری ہے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا آج تک کسی وزیراعظم نے اپنی مدت پوری نہیں کی اور اب ہمیں جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ آخر کب تک ایسا ہو گا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا پاکستان میں آمریت کے دور میں ایسے سلوک ہوتے تھے اور اب آمریت نہیں ہے لیکن پھر بھی اُس دور جیسے فیصلے ہو رہے ہیں۔

انہوں نے اجلاس میں کہا اس وقت کچھ قوتیں اس ملک کو کسی اور طرف لے جانا چاہتی ہیں لیکن عوام کچھ اور چاہتے ہیں جبکہ سیاسی جماعتوں اور قائدین سے جو کچھ ہوتا آیا وہ قوم کے سامنے ہے۔آمروں کے ہاتھوں پر بیعت ہوتی رہی جبکہ ہمیں چور، ڈاکو، ڈرگ ڈیلر کہا گیا اور سب سے بڑی سیاسی جماعت کو سینیٹ انتخابات سے باہر کر دیا گیا تاہم برملا کہتے ہیں یہ فیصلے نہیں مانتے۔ سیاستدان آسان ہدف ہیں اور آمروں کو ہاتھ نہیں لگاتے۔

اجلاس میں نواز شریف، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف,حمزہ شہباز، مریم نواز  اور دیگر مرکزی رہنما شریک ہیں جبکہ اس موقع پر پارٹی کے نئے صدر کے ناموں پر مشاورت بھی کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہاتھ دھونا پڑا تاہم سپریم کورٹ نے 21 فروری انتخابی اصلاحات 2017 کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو پارٹی صدارت کے لئے نااہل قرار دیا اور قرار دیا کہ آئین کی دفعہ 62، 63 پر پورا نہ اترنے والا نااہل شخص کسی سیاسی جماعت کی صدارت نہیں کر سکتا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں