دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروا دیا

دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروا دیا

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کروایا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ بھارت کی بڑھتی ہوئی اشتعال انگیزی کی وجہ سے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور مسلسل خلاف ورزیوں پر احتجاج بھی ریکارڈ کروایا گیا۔ اس حوالے سے احتجاجی مراسلہ بھی بھارتی ڈپٹی کمشنر کے حوالے کیا۔

احتجاجی مراسلے میں کہا گیا کہ نکیاں سیکٹر میں بھارتی فوج کی گولہ باری سے 13 سالہ لڑکا شہید اور 3 افراد زخمی ہوئے۔ بھارت کی جانب سے مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ بھارت نے اب تک فائر بندی کی 400 سے زائد خلاف ورزیاں کیں جس سے 18 شہری شہید اور 68 زخمی ہوچکے ہیں۔

بھارتی فورسز کا شہری آبادی کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کے منافی ہے، بھارت فائر بندی معاہدے 2003 کی پاسداری یقینی بنائے۔