آسٹریلیا سیریز: قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت شعیب ملک کریں گے

آسٹریلیا سیریز: قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت شعیب ملک کریں گے
کیپشن: فوٹو بشکریہ کر ک انفو

دبئی:  آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ماہ سے شروع ہونے والی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت شعیب ملک کریں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اس دوران آرام کریں گے۔

آل راونڈر کی شہرت رکھنے والے شعیب ملک نے جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ سیریز میں بھی کپتان سرفراز احمد پر پابندی لگنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کی تھی۔قومی کرکٹ ٹیم نے شعیب ملک کی قیادت میں جنوبی افریقہ کے خلاف دو ون ڈے میچوں کے علاوہ ٹی-20 سیریز بھی کھیلی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ ورلڈ کپ تک کے لیے کپتان مقرر کیا ہے لیکن آئندہ ماہ شروع ہونے والی سیریز میں کپتان سمیت چند دیگر کھلاڑیوں کو بھی آرام کرانے کا فیصلہ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے باہمی مشاورت سے کیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی عدم موجودگی میں رضوان وکٹ کیپنگ کا فریضہ انجام دیں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم گزشتہ چھ ماہ سے مسلسل میچز کھیل رہی ہے جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو آرام کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس ضمن میں اہم ترین فیصلہ انضمام الحق اور کوچ مکی آرتھر کی طویل ملاقات کے دوران کیا گیا۔ اسی ملاقات میں طے ہوا کہ کپتان سرفراز احمد کے علاوہ شاداب خان کو بھی آسٹریلیا سیریز میں آرام کرایا جائے گا۔

پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز 22 سے 31 مارچ تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ورلڈ کپ سے قبل بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے اور ایک ٹی20 سمیت مجموعی طور پر گیارہ میچز کھیلنے ہیں۔