کنٹرول لائن پر کشیدگی، بھارتی گولہ باری سے 4 شہری شہید

کنٹرول لائن پر کشیدگی، بھارتی گولہ باری سے 4 شہری شہید
کیپشن: ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: بھارت باز نہ آیا اور فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد کنٹرول لائن پر وحشیانہ جارحیت کا آغاز کر دیا۔ بھارت کی جانب سے کوٹلی راولاکوٹ چکوٹھی اور لیپہ میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا جس سے 4 افراد شہید اور 6 زخمی ہو گئے۔ کھوئی رٹہ سیکٹر میں خانپور گاوں کی رہائشی شہناز صدیق شہید جبکہ سمیرا اور عدنان زخمی ہوئے۔

نکیال سیکٹر میں گھر پر گولہ لگنے سے 3 افراد شہید ہوئے۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔ کنٹرول لائن سے ملحقہ علاقوں کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

ضلع ہٹیاں میں ڈپٹی کمشنر عمران شاہین کی جانب سے ضلع بھر میں تعلیمی ادارے بند کرنے کے احکامات جاری کئے گے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں حکومت کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لئے الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

پاک فوج کی جانب سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق بھارتی پوسٹوں سے دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔