لاہور، پشاور، اسلام آباد سمیت دیگر ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن معطل

لاہور، پشاور، اسلام آباد سمیت دیگر ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن معطل
کیپشن: اندرون و بیرون ممالک جانے اور آنے والی پروازیں تا حکم ثانی روک دی گئیں ہیں۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے بعد لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت دیگر ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن معطل کر دیا گیا۔

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے منیجر کے مطابق چین کے گوانگزو ایئرپورٹ سے آنے والی پرواز کو واپس بھجوا دیا گیا ہے جب کہ اندرون و بیرون ممالک جانے اور آنے والی پروازیں تا حکم ثانی روک دی گئیں ہیں۔

ایل او سی پر کشیدگی کے بعد نیو اسلام آباد ایئرپورٹ، پشاور، ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ کے ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ آج صبح بھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی کی گئی جس کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پاک فضائیہ نے 2 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے اور ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

2

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان ایئر فورس کے طیاروں نے لائن آف کنٹرول پر اپنی حدود میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں 2 بھارتی لڑاکا طیارے تباہ ہو گئے۔