لائن آف کنٹرول پر کشیدگی: پاکستان نے فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دی

لائن آف کنٹرول پر کشیدگی: پاکستان نے فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دی
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد : پاکستان نے اپنی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دی ہیں جس کے بعد اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک کمرشل پروازیں نہیں اڑ سکیں گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان نے ایک سرکاری نوٹیم (نوٹیفیکیشن ٹو ایئر مین) جاری کیا ہے جس کی رو سے فضائی حدود بند کر دی گئی ہیں۔

اس کے بعد تمام بین الاقوامی پروازیں جو پاکستان کے اوپر سے گزر کر یورپ اور مغربی ممالک کی جانب جاتی تھیں وہ اب بحیرۂ عرب کے اوپر یا چین کی جانب سے جا رہی ہیں اور شمالی سرحد سے بچ کر پرواز کر رہی ہیں۔

ویب سائٹ فلائٹ ریڈار پر دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود بدھ کی دوپہر سے بالکل خالی ہیں، خصوصاً لاہور، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، بہاولپور، رحیم یار خان کے ہوائی اڈوں پر پروازوں کی آمدورفت بالکل نہیں ہے۔

اب سے کچھ دیر قبل اومان ایئر کی ایک پرواز جو لاہور اترنی تھی اسے کراچی اتارا گیا جبکہ سعودی عربین ایئرلائنز کے ایک پرواز ملتان کے ہوائی اڈے پر اترنے کی بجائے کراچی بھجوا دی گئی۔ جو چند بین الاقوامی پروازیں پاکستان کے اوپر سے گزر رہی تھیں وہ اب سرحد پار کر چکی ہیں

ان میں سے فلائی دبئی کی دہلی سے دبئی کی پرواز کافی دیر سرحد پر انتظار کرنے کے بعد اجازت ملنے پر پاکستان کے اوپر سے گزری۔