تعلیمی اداروں میں آج سے دوروزہ تعطیلات کااعلان

تعلیمی اداروں میں آج سے دوروزہ تعطیلات کااعلان

کراچی: سندھ میں حکومت نے آج جمعرات اور کل جمعہ کے روز سکول بند رکھنے کااعلان کیا ہے۔ صوبائی وزیر سندھ سعیدغنی کاکہنا ہے کہ صوبہ بھر کے نجی اور سرکاری سکول جمعرات اور جمعہ کو بند رہیں گے۔

سعید غنی نے چھٹیوں کا یہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا ہے جس پر ان کے الفاظ تھے کہ ’سندھ حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں جمعرات اور جمعہ (27 اور 28 فروری) کی تعطیل کا اعلان کردیا‘۔ تاہم سعید غنی میں چھٹیوں کی وجہ نہیں بتائی گئی۔

دوسری جانب بلوچستان حکومت نے کرونا وائرس سے بچاو کیلئے گزشتہ روز صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 15 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیاتھا۔صوبائی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیاتھا کہ صوبے کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے اور مدارس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند کی جانب سے صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 15 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیاہے کہ یہ فیصلہ کرونا وائرس سے حفاظتی اقدام اور بچوں کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ایران میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے بعد بلوچستان میں پاک ایران سرحد بند کردی گئی ہے جبکہ ایران سے آنے والے 250 زائرین کو تفتان میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔صوبائی حکومت کی جانب سے سرحدی اضلاع میں ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا ہے۔