سینیٹ الیکشن، پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کیلئے 2 نشستوں پر امیدوار دستبردار کرنے پر رضامند

 سینیٹ الیکشن، پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کیلئے 2 نشستوں پر امیدوار دستبردار کرنے پر رضامند
سورس: فوٹو/سوشل میڈیا

کراچی: پیپلز پارٹی نے سینیٹ انتخابات میں ایم کیو ایم پاکستان کیلئے 2 نشستوں پر اپنے امیدوار دستبردار کرانے پر رضامندی ظاہر کر دی. پیپلزپارٹی کا وفد ایم کیو ایم پاکستان مرکز بہادر آباد پہنچا جس میں ناصر حسین شاہ، شرجیل میمن، مرتضیٰ وہاب اور وقار مہدی شامل تھے۔ ایم کیو ایم پاکستان رہنماؤں اور پی پی وفد کے درمیان ملاقات ہوئی جس کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔

وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی دو نشستوں کیلئے اپنے امیدوار دستبردار کرانے کو تیار ہیں لیکن متحدہ کو بھی یوسف رضا گیلانی والی نشست پر مدد کرنا ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی ہدایت پر یہاں آئیں ہیں اور متحدہ نے کہا ہے کہ ہماری گزارشات کو رابطہ کمیٹی میں رکھیں گے۔

ناصر حسین کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تحریک انصاف بہت خوفزدہ تھی اور تحریک انصاف کے امیدواروں پر ان کے ہی اراکین کو تحفظات تھے۔ ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کا کہنا تھا کہ مرکز آمد پر پیپلز پارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور تاخیر سے ہی صحیح لیکن پیپلز پارٹی نے گزارشات رکھی ہیں۔ پیپلزپارٹی سے درخواست کی ہے کہ شہری سندھ سے احساس محرومی کو دور کیا جائے۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ احساس شراکت اور بلدیاتی اداروں کا بھی مسئلہ ہے اور سینیٹ کا وقت تو گزر جائے گا لیکن مسائل حل کرنا ہوں گے۔