پاک فوج کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گی، وزیراعظم

 پاک فوج کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گی، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ مذاکرات کی خواہش کو کمزوری کی علامت نہیں سمجھنا چاہیے جیسا کہ ہم نے 27 فروری 2019 کو بھارت کو دکھایا، جب اس نے ہم پر حملہ کرنے کا انتخاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ تنازعات کے حل کے لیے ہمیشہ مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہوں۔

fc026ed1a89729fb4bacbd8d45bf5259

عمران خان نے کہا کہ ملک اور قوم کی سلامتی کے لیے پرعزم اور غیر متزلزل ہیں اور پاک فوج کسی بھی جارحیت کا عوام کی حمایت سے جواب دے گی۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پیغام میں کیا گیا کہ 'آج آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 3 سال مکمل ہو گئے ہیں جب پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی ناکام مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا۔

انہوں نے لکھا کہ بھارتی فائٹر ایئر کرافٹ کو مار گرانے میں پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کی کامیابیاں، پاک بحریہ کی جانب سے سمندر میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگانا اور ایل او سی پر پاک فوج کا شاندار جواب وطن کے دفاع کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

پیغام میں کہا گیا کہ مشکل حالات میں کامیابی کا تعین صرف ہتھیار یا افرادی قوت ہی نہیں بلکہ قوم کا عزم اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاری کرتی ہے، پاکستان زندہ باد۔

واضح رہے کہ27 فروری 2019 تاریخ کا وہ دن ہے جب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر دنیا کو یہ بتایا تھا کہ مملکت خداداد کے دفاع کے لیے ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔

سال 2019 میں 27 فروری کو پاک فضائیہ نے ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا اور ان کا پائلٹ ابھی نندن بھی گرفتار کرلیا تھا۔

مصنف کے بارے میں