استعفے منظور کر چکا ،واپسی ممکن نہیں: سپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی وفد کو دوٹوک جواب

استعفے منظور کر چکا ،واپسی ممکن نہیں: سپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی وفد کو دوٹوک جواب

اسلام آباد (شیراز احمد شیرازی ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفد نے اسمبلی واپسی کے ساتھ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو ہٹا کر شاہ محمود قریشی کو لانے کا مطالبہ کر دیا جبکہ سپیکر قومی اسمبلی کہتے ہیں استعفے منظور ہو چکے، واپسی ممکن نہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے قومی اسمبلی میں واپسی کی استدعا پر دوٹوک جواب دے دیا۔
پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی، پی ٹی آئی وفد میں عامر ڈوگر، کنول شوذب، ساجدہ بیگم، عامر کیانی، امجد نیازی، ظل ہما، شوکت علی بھٹی، فیض اللہ، خرم شہزاد اور طاہرصادق شامل تھے۔
قومی اسمبلی کے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پی ٹی آئی کے سابق ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری پربات ہوئی اور پی ٹی آئی وفد نے استعفوں کی منظوری کے اقدام کو واپس لینے کی استدعا کی۔
سپیکرقومی اسمبلی نے جواب دیا کہ قانون و آئین اورقومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے تحت استعفے منظور کرچکا ہوں، بار بار خطوط بھیجے، اس کے باوجود پی ٹی آئی کا کوئی ممبر حاضر نہیں ہوا، اسد قیصر اور عامر ڈوگر کی سربراہی میں آئے وفد کے بعد استعفے قبول کرنے کا عمل شروع کردیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سابق سپیکراسدقیصرکی سربراہی میں آئے وفد نے استعفے منظور کرنے کی استدعا کی تھی، میں آئین، قانون اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کا پابند ہوں۔
سپیکر راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی ارکان سے استفسار کیا کہ کیا ممبران نے استعفے اپنی مرضی کے مطابق نہیں دیے تھے؟ سابق سپیکراسد قیصر کی سربراہی میں آئے وفد کے اصرار پر استعفے منظور کئے گئے تھے، پھربھی آپ کی درخواست پر معاملے کو لیگل ٹیم سے ڈسکس کرکے آپ کو مطلع کر دیا جائے گا۔ 
دوسری جانب پی ٹی آئی وفد نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو اپوزیشن لیڈر مختص کیا ہے لہٰذا پی ٹی آئی کے منتخب اپوزیشن لیڈر کو لاکر نیب چیرمین کی تعیناتی سمیت قانون سازی پر مشاورت ہونی چاہیے۔ 

مصنف کے بارے میں