مذاکرات کامیاب،طالبان اور امریکہ کے درمیان افغان جنگ کے خاتمے کا معاہدہ طے پا گیا

مذاکرات کامیاب،طالبان اور امریکہ کے درمیان افغان جنگ کے خاتمے کا معاہدہ طے پا گیا
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

دوحہ: کچھ عرصہ سے جاری امریکہ اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی کے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اورافغان طالبان اور امریکہ کے درمیان گزشتہ 17 سال سے جاری افغان جنگ کے خاتمے کا معاہدہ طے پا گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دوحہ میں امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں 18 ماہ کے اندر افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاءپر اتفاق کر لیا گیا۔


جنگ بندی کا شیڈول آئندہ چند روز میں طے کیا جائے گا جبکہ طالبان جنگ بندی کے بعد افغان حکومت سے براہ راست بات کریں گے۔


برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ 6 روز سے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری مذاکرات کے بعد امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مصالحتی عمل زلمے خلیل زاد پیش رفت سے افغان صدر اشرف غنی کو آگاہ کرنے کیلئے کابل روانہ ہوگئے ہیں۔افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمی خلیل زاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ   افغان طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے دوحہ میں ملاقاتیں ماضی کے مقابلے میں بہت زیادہ تعمیری رہیں۔


انہوں نے کہا کہ ابھی کئی معاملات پربات ہوناباقی ہے،جب تک سب باتوں پراتفاق نہیں ہوجاتاکچھ بھی منظورنہیں ہوگا،مذاکرات کرانے کیلئے قطرحکومت کے شکرگزار ہیں۔


زلمے خلیل داد نے کہا کہ قطرحکومت کے تعمیری تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،خصوصی طور پر قطر کے نائب وزیراعظم اوروزیرخارجہ کی شمولیت پر شکر گزار ہیں۔