محکمہ موسمیات کی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا جب کہ صبح سویرے پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی اور مکران ڈویژن میں صبح کے اوقات میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش بھی ہوئی جب کہ پنجاب کے میدانی علاقے اور بالائی سندھ میں دھند کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شمالی علاقہ جات میں سردی کی لہر برقرار ہے جب کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں منگل کو داخل ہو گا۔ملتان خانیوال موٹر پر دھند کی وجہ سے حد نگاہ زیرو سے 50 میٹر تک رہا جس کی وجہ سے موٹر وے پولیس نے گاڑیوں پر فوگ لائٹس استعمال کرنے اور رفتار آہستہ رکھنے کی ہدایت کی۔

ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد نے ہدایت کی کہ شہری دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ہیلپ لائن 130 یا ہم سفر ایپ سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا جب کہ مختلف علاقوں میں بارش شروع ہوتے ہی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔

جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔مری سمیت بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ سیاحوں کی بڑی تعداد بھی مری سمیت دیگر علاقوں کا رخ کر رہے ہیں۔