کالی آندھی نے انگلینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں381 رنز سے ہرا دیا

کالی آندھی نے انگلینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں381 رنز سے ہرا دیا
کیپشن: تصویر بشکریہ آئی سی سی ٹوئٹر

برج ٹاﺅن: جیسن ہولڈر کی ریکارڈ ساز ڈبل سنچری کے بعد روسٹن چیس کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت کالی آندھی نے انگلینڈ کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 381 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، یہ ویسٹ انڈیز کی رنز کے اعتبار سے بڑی فتح ہے.

انگلش ٹیم 628 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میچ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں 246 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، روری برنز کے سوا انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی روسٹن چیس کی گھومتی ہوئی جادوئی باﺅلنگ کے سامنے زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، برنز 84 رنز بنا کر نمایاں رہے، روسٹن چیس نے کیریئر بہترین باﺅلنگ کرتے ہوئے اننگز میں 60 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، جیسن ہولڈر کو شاندار ڈبل سنچری بنانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

6a62a95381890f07e4a92b6ae668b15d

برج ٹاﺅن ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلش ٹیم نے 56 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے کامیابی کیلئے مزید 572 رنز درکار تھے، روسٹن چیس نے جادوئی سپن باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ تہس نہس کر دی، روری برنز کے سوا کوئی بھی بلے باز سنبھل کر نہ کھیل سکا، برنز نے 84 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، کیٹن جیننگز 14، جونی بیئرسٹو 30، کپتان جوروٹ 22، بین سٹوکس 34، جوز بٹلر 26، معین علی صفر، بین فوکس 5، ثام کیورن 17 اور عادل رشید ایک رن بنا کر آﺅٹ ہوئے، جیمز اینڈرسن نے 4 رنز بنائے اور ناٹ آﺅٹ رہے، روسٹن چیس نے تباہ کن باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شینن گبرائل اور جوزف نے ایک، ایک وکٹ لی۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم نے 415 رنز 6 کھلاڑی آﺅٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے انگلش ٹیم کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 628 رنز کا ہدف دیا تھا۔