عمران حکومت سب سے زیادہ قرض لینے والی حکومت بن چکی، خواجہ آصف

عمران حکومت سب سے زیادہ قرض لینے والی حکومت بن چکی، خواجہ آصف
کیپشن: فوٹو بشکریہ:ٹوئیتر اکاؤنٹ

اسلام آباد: مسلم لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی باتیں خلفاء راشدین والی  اور عمل ابو جہل جیسا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ، مسلم لیگ ن کے  رہنما خواجہ آصف نے وزیر عمران خان کے بیان پر در عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ‎عمران خان کی باتیں خلفائے راشدین والی اور طرزعمل ابوجہل والا ہے ۔ ان کی سیاست جھوٹ، گالی اور غنڈا گردی پرمبنی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ  وہ شہباز شریف پر بات کرنے سے پہلے ان جیسی تین میٹرو بنا کر دکھائیں، ‎نوازشریف اور شہبازشریف نے تین میٹروز 90 ارب میں بنائیں لیکن آپ نے پشاور میٹرو ایک پروجیکٹ میں 100 ارب لگا کر روڈ توڑ پھوڑ دی۔ 

انہوں نے کہا کہ عوام کو بتائیں کہ  پچھلے پانچ ماہ میں چھاپے گئے 1500 ارب روپے  کےنوٹ کہا ں گئے ہیں۔  ن لیگ کی ایمنسٹی اسکیم پر تنقید کرتے تھے لیکن آپ کی بہن نے اُسی اسکیم سے فائدہ اٹھا یا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ‎تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ قرض لینے والی حکومت بن چکی ہے لہٰذا ‎عمران صاحب کیوں نہیں بتاتے ان کی حکومت یومیہ 15 ارب قرض لے رہی ہے جب کہ جی ڈی پی کی شرح 5.8 سے کم ہوکر تین فیصد پر آگئی ہے۔