سعودی کابینہ نے اقامے کے سہہ ماہی اجراء اور تجدید کی منظوری دیدی 

سعودی کابینہ نے اقامے کے سہہ ماہی اجراء اور تجدید کی منظوری دیدی 

ریاض : سعودی کابینہ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں اقامے کے سہہ ماہی  اجرا اور تجدید کی منظوری دے دی ہے ۔

یہ منظوری ورک پرمٹ اقامہ ہولڈرز کے لیے ہے ، گھریلو عملہ اور وہ تمام جو اس کے دائرے میں آتے ہیں ان پر یہ فیصلہ لاگو نہیں ہوگا۔

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ نے ورک پرمٹ فیس ، اقامہ فیس  اور مقابل مالی کی قسطوں میں وصولی کی منظوری دی ہے ۔یہ فیس اقامے کی مدت کے حساب سے وصول کی جائیگی ۔ 

یاد رہے کہ اب تک ایک سال کی فیسیں وصول کی جارہی تھیں ، اب کم از کم تین ماہ کے لیے اقامے کا اجرا اور تجدید ہوسکے گی ۔

کابینہ نے ڈپلومیٹک کوارٹر اتھارٹی اور اس کے انتظامی ضوابط منسوخ کردیے اور اتھارٹی کے تمام فرائض ، منصوبے ، حقوق و ذمہ داریاں اور ملازمین ریاض رائل اتھارٹی منتقل کیے ہیں ۔ 

سعودی کابینہ نے زیر تربیت سعودی ڈاکٹر پروگرام کا نام تبدیل کرکے صحت عملے کی تربیت کا پروگرام رکھنے کی بھی منظوری دی ہے ۔