سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف سینیٹ میں مذمتی قرارداد منظور

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف سینیٹ میں مذمتی قرارداد منظور

اسلام آباد: سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف سینیٹ کے اجلاس میں پیش کی گئی مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے ایوان میں مذمتی قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ سینیٹ قرآن پاک کو جلانے، پھاڑنے اور بے حرمتی پر صدمے کا اظہار کرتا ہے۔ 
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ آف پاکستان ایسے شدت پسندوں اور جنونیوں پر سراپائے احتجاج ہے، ہم اسلامو فوبیا پر مبنی نفرت انگیز، شیطانی عمل کی مذمت کرتے ہیں۔
مذمتی قرارداد کے متن کے مطابق قرآن پاک کی بے حرمتی کا گھناؤنا اقدام بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے خلاف ایک سازش ہے، یورپ کے سفیر کو طلب کر کے بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا جائے۔ 
قرارداد میں قرآن پاک کی بے حرمتی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے اور اس افسوسناک واقعے پر او آئی سی ممالک کے ساتھ رابطہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ 
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ آئندہ ہفتے جنیوا میں ہونے والے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں مسئلے کو اٹھایا جائے۔

مصنف کے بارے میں