پاکستان اور مالدیپ کا دہشت گردی کے خلاف متفقہ موقف اپنانے کے عزم کا اعادہ

پاکستان اور مالدیپ کا دہشت گردی کے خلاف متفقہ موقف اپنانے کے عزم کا اعادہ

مالے ،اسلام آباد:  پاکستان اور  مالدیپ نے سارک کے ذریعے تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے، دونوں ممالک کی قیادت نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی  تعلقات بڑھانے پر بھی اتفاق  کیا جبکہ پاکستان اور مالدیپ نے ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف متفقہ اور غیرمشروط موقف اپنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے،یہ اتفاق رائے وزیر اعظم محمد نواز شریف کے دورہ مالدیپ کے ا ختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ میں کیا ہے.

اس سے قبل وزیر اعظم نوازشریف جب دورہ مکمل کرکے وطن روانہ ہوئے تو مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین نے مالے کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر وزیراعظم کو رخصت کیا۔دورے میں وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے مالدیپ کے صدر کے ساتھ تفصیلی بات کی اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے دوست ملک کے یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کی۔

مالے میں وزیراعظم نواز شریف کے مالدیپ کے تین روزہ دورے کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیہ میں فریقین نے سارک کے ذریعے تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔دونوں رہنماوں نے مالدیپ پاکستان مشترکہ کاروباری کونسل اور تجارت کے بارے میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا خیرمقدم کیا۔

دونوں رہنماوں نے موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے نمٹنے کے لئے بھی مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماوں نے ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف متفقہ اور غیرمشروط موقف اپنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ صدر عبداللہ یامین نے دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے دورے میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر دستخط کئے۔صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم نے اسلام آباد میں سارک کانفرنس کے انعقاد کیلئے اپنے ملک کے تعاون کا اعادہ بھی کیا.

مصنف کے بارے میں