سعودی عرب کے شہریوں کو مصر کے سفر کی اجازت مل گئی

سعودی عرب کے شہریوں کو مصر کے سفر کی اجازت مل گئی
سورس: file photo

ریاض: سعودی شہریوں کو صرف کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر مصر کے سفر کی اجازت مل گئی۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لوگوں کو سعودی عرب سے مصر سفر کیلئے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ کی ضرورت نہیں ہوگی انہیں صرف مکمل ویکسینیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔

سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) کے مطابق   کووڈ 19 ویکسین کے سرٹیفکیٹ ہولڈرز کو پی سی آر ( کورونا ٹیسٹ رپورٹ) طلب کیے بغیر مصر کے سفر کی اجازت ہوگی۔

السعودیہ کے مطابق فائزر، ایسٹرازینکا، موڈرنا، سائنو فارم یا سپورٹنک ویکسینوں میں سے کسی ایک کی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ قابل قبول ہوگا اور اس بات کا بھی خیال رکھا جائے گا کہ دوسری خوراک لیے 14 دن گزر چکے ہوں۔

 جبکہ جانسن اینڈ جانسن ویکسین کی ایک خوراک 14 دن قبل لینے والے کو بھی سفر کی اجازت ہوگی۔

ادھر سعودی سیاحتی پروگراموں اور ریزرویشنوں کے ماہر محمد انصاری کا کہنا ہے کہ مصر جانے والوں کو دونوں ویکسین لینے کے باوجود اپنی صحت و سلامتی کے بارے میں اطمینان حاصل کرنا ہوگا۔

انہوں نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ سفر سے قبل اپنی صحت سے متعلق بھی جانچ کرلیں، دنیا میں کئی ممالک ایسے ہیں جو صرف ویکسین سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر سفر کی اجازت دے رہے ہیں، مسافروں سے کورونا ٹیسٹ رپورٹ طلب نہیں کی جارہی البتہ سرٹیفکیٹ اس ملک میں منظور شدہ ہونا ضروری ہیں جس سے وہ سفر کررہا ہو۔