پاکستان اور امارات کرکٹ بورڈ کے درمیان تنازع حل ہو گیا

پاکستان اور امارات کرکٹ بورڈ کے درمیان تنازع حل ہو گیا
کیپشن: پی ایس ایل فروری 2019 میں یو اے ای کے میدانوں پر ہو گی،فوٹو بشکریہ پی سی بی


دبئی:پاکستان کرکٹ بورڈ اور امارات کرکٹ بورڈ کے درمیان کئی ہفتوں سے جاری سرد جنگ کا خاتمہ ہو گیا اور دونوں بورڈز کے درمیان معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں۔

پی سی بی کی ساری شرائط مان لی گئی ہیں جس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم اکتوبر سے نومبر تک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہوم سیریز کی میزبانی کریں گی۔قبل ازیں پی سی بی نے دھمکی دی تھی کہ اگر اس کے ایونٹ کے ساتھ کوئی اور لیگ کرانے کی کوشش کی گئی تو وہ اپنے تمام ایونٹس ملائشیا لے جا سکتا ہے۔2009میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد سے پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی تمام ہوم سیریز یو اے ای میں منعقد کرا رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے دبئی میں اماراتی کرکٹ بورڈ حکام سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی اس سال اپنی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات کے میدانوں شارجہ، دبئی اور ابوظہبی میں کرائے گا۔اعلامیے کے مطابق اماراتی بورڈ نے پی سی بی کے ٹورنامنٹ پاکستان سپر لیگ کے لیے معاوضوں میں کمی کر دی ہے۔اماراتی بورڈ اپنی ٹی ٹوئنٹی لیگ دسمبر میں کرائے گا، کرکٹ لیگ 10 دسمبر سے 10 جنوری تک ہو گی جب کہ پاکستان سپر لیگ اس کے پانچ ہفتے بعد 10 فروری سے شروع ہو گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ٹورنامنٹ سے قبل 35 روز کا وقفہ مانگا تھا، جب پی سی بی کا متحدہ عرب امارات میں کوئی بھی ایونٹ ہو رہا ہو گا ای سی بی کسی اور لیگ کی میزبانی نہیں کرے گا۔پاکستان کا ایونٹ ختم ہونے کے بعد ای سی بی دیگر لیگز کی میزبانی کر سکے گا۔امارات لیگ پاکستان کرکٹ کی ممتاز شخصیت ندیم عمر نے خریدی ہے جسے کرانے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف اور پی ایس ایل کے سابق ایم ڈی سلمان سرور بٹ نمایاں ہیں۔

نجم سیٹھی اور سبحان احمد آئی سی سی میٹنگ میں شرکت کے لیے اب آئرلینڈ جا رہے ہیں، بورڈ میٹنگ آئندہ ہفتے ہو گی۔