عام انتخابات، الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق اور گائیڈ لائنز جاری کر دیں

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نےعام انتخابات 2018 کے موقع پر میڈیا کے لئے ضابطہ اخلاق اور گائیڈ لائنزجاری کر دیں۔ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق میڈیا انتخابات کے دوران عوام کو درست آگاہی فراہم کرنے کا پابند ہوگا۔

ضابطہ اخلاق میں پابند کیا گیا ہے کہ میڈیا عوام کو سیاسی جماعتوں، امیدواروں، انتخابی مہم اور ووٹنگ سے آگاہ کرےگا جب کہ میڈیا متوازن اور غیر جانبدار رپورٹنگ کا پابند ہوگا، ٹاک شوز، نیوز اور کرنٹ افیئر پروگرامز میں کسی امیدوار یا جماعت سے متعصبانہ رویہ نہیں برتا جائے گا۔

 مزید پڑھیں: سیتا وائٹ کیس، عمران خان کے حق میں فیصلہ، انتخابات لڑنے کیلئے اہل

ضابطہ اخلاق میں ہدایت کی گئی ہے کہ کسی امیدوار یا جماعت کی مخالفت یا جانبداری کے پروگرام نشر نہیں کیے جا سکیں گے اور میڈیا اپنی کوریج میں پروفیشنلز اسٹینڈرڈ کو ملحوظ خاطر رکھے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق افواہوں اور قیاس آرائیوں پر مبنی رپورٹنگ نہیں کی جا سکے گی۔ نفرت انگیز تقاریر اور عوام میں بے چینی پھیلانے کی اجازت نہیں ہو گی اور پرتشدد عناصر پر مبنی مواد کی حوصلہ افزائی ہرگز نہیں کی جائے گی۔

ضابطہ اخلاق میں مزید کہا گیا ہے کہ میڈیا برداشت کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کرے گا اور کسی مذہب، عقیدہ، ذات کو نشانہ بنانے سے متعلق مواد شائع یا نشر نہیں کرے گا۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق میں بتایا گیا ہے کہ میڈیا کے خلاف پرتشدد کارروائیوں، ڈرانے دھمکانے اور املاک کو نقصان پہنچانے پر اتھارٹیز مکمل تحقیقات کی پابند ہوں گی جب کہ امیدوار، سیاسی جماعتیں اور حکومتی اتھارٹیز میڈیا کے آزادی اظہار رائے کے حق کا احترام کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد خاقان عباسی این اے 57 سے نااہل قرار

یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے عالمی مبصرین اور انٹرنیشنل میڈیا کے حوالے سے بھی ضابطہ اخلاق جاری کیا تھا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں