شہباز شریف کا کراچی کو کرانچی کہنا مہنگا پڑ گیا

شہباز شریف کا کراچی کو کرانچی کہنا مہنگا پڑ گیا
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

اسلام آباد:مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف تو 2 روزہ ”مشن کراچی “کے بعد واپس لاہور لوٹ گئے لیکن گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں کراچی کو کرانچی کہنے اور پان کھانے والے بہن بھائیوں کا تذکرہ کرکے شہر قائد کے باسیوں کو اچھا خاصا ناراض کرگئے۔

گزشتہ روز ممکنہ طور پر ایک رپورٹر نے کراچی کو  کرانچی  کہہ کر شہباز شریف سے کوئی سوال کیا، جس پر صدر مسلم لیگ (ن)نے جواب دیا کہ ہمارے جو بھائی بہن پان کھانے والے ہیں، ان کے کرانچی کو میں لاہور بناﺅں گا اور جو کراچی میں رہتے ہیں، ان کو میں کراچی انشا اللہ لاہور سے بہتر بنا کر دوں گا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل تو اس بات پر باقاعدہ پھٹ پڑے اور انہوں نے طنز و تنقید سے بھرپور ایک ویڈیو پیغام جاری کردیا۔

 اپنے پیغام میں عمران اسماعیل نے کہا کہ عوام نے استقبال کیا لیکن بدلے میں شہباز شریف نے اہلِ کراچی کی تضحیک کی اور کراچی کو کرانچی کہہ کر مذاق اڑانے کی کوشش کی اور پان کا طعنہ دے کر طنز کے نشتر برسائے.عمران اسماعیل نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پان ہماری ثقافت کا حصہ ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی صارفین اپنے دل کی بھڑاس نکالتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ایک صارف نے شہبازشریف کو مخاطب کرکے واضح کیا مجھے پان پسند ہے اور میرا کراچی بھی۔ ایک کراچی والے نے تو یہ کہہ کر قصہ ہی ختم کردیا کہ ہاں ہمیں پان پسند ہے۔ایک صارف کو یاد آیا کہ انہوں نے کافی دنوں سے پان نہیں کھایا، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے شہباز شریف کے بیان کے بعد ایک میٹھا اور ایک سادہ خوشبو پان کھایا اور مزے اڑائے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے پوری ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیئے جائیں گے: آرمی چیف
 
 ایک صارف بہت غصے میں نظر آئے، جن کا کہنا تھا کہ وہ کراچی سے انتخابی مہم کا آغاز پر شہباز شریف کو سراہنے والے تھے، لیکن جب میری آنکھ کھلی تو میں نے کرانچی اورپان کی باتیں سنیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں