رواں برس ملک میں مون سون بارشوں کے تمام ریکارڈز ٹوٹ جائیں گے: محکمہ موسمیات

رواں برس ملک میں مون سون بارشوں کے تمام ریکارڈز ٹوٹ جائیں گے: محکمہ موسمیات

 لاہور: بارشیں رکنے والی نہیں، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں برس ملک میں مون سون بارشوں کے تمام ریکارڈز ٹوٹ جائیں گے۔ آج بھی مختلف شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔

آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور سندھ میں شدید گرم رہیگا۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں سورج سوا نیزے پر آگیا، لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں آج پارہ 41، سرگودھا میں 44 ڈگری تک رہے گا۔ شام کے بعد لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد میں آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسم کی شدت کم ہونے کی نوید سنا دی، دو دن بعد کراچی میں گرمی کا زور ٹوٹے گا، جولائی کے پہلے ہفتے کے بعد مون سون بارشیں بھی ہوں گی۔

کل پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اکثر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔ خیبر پختونخواہ کے کئی مقامات پر آج میگھا برسے گی دوپہر تک پشاور اور ڈی آئی خان میں پارہ 43 سینٹی گریڈ تک جائے گا۔ کوئٹہ میں پارہ 38 ڈگری رہے گا، بارش کا امکان نہیں تاہم قلات، ژوب اور بارکھان سمیت صوبے کے بعض مقامات پر بارش ہوگی۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔