حکومت نے عوام کو پٹرول قیمت میں 6روپے تک ریلیف دیا ،عمر ایوب

حکومت نے عوام کو پٹرول قیمت میں 6روپے تک ریلیف دیا ،عمر ایوب

اسلام آباد:راتوں رات پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ اور عوام کی شدید ردعمل پر وفاقی وزراءنے وضاحتیں دینا شروع کر دیں ،وزیراطلاعات و نشریات شبلی فراز ،معاون خصوصی شہباز گل کے بعد وزیر پٹرولیم عمر ایوب نے بھی ٹوئٹر پر بیان داغ دیا ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے جبکہ روپے کی قدر بھی دوسے تین روپے کم ہوگئی ہے جس کی وجہ سے حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا، ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت پر حکومت نے عوام کو تقریباً 6 روپے تک ریلیف دیا ہے .

اعدادوشمار کے مطابق پٹرول کی فی لٹر قیمت میں 31روپے اضافہ بنتا تھا تاہم حکومت نے 25.58فی لٹراضافہ کیا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ 24.31روپے فی لٹر بنتا تھا مگر حکومت نے 21.31روپے فی لٹر کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یکم جنوری کو پیٹرول کی قیمت 116.60فی لٹر تھی جبکہ ڈیزل 127.26 روپے فی لٹر فروخت ہورہا تھا تاہم پیٹرول کی قیمت میں 42 روپے فی لٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 47 روپے فی لٹر تک کمی کی گئی لیکن اب پیٹرول کی قیمت میں اضافہ 25روپے فی لٹر کیا گیا جو کہ جنوری کی قیمت سے اب بھی 17روپے فی لٹر کم ہے۔

اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 21 روپے اضافہ کیا گیا جو کہ جنوری سے اب بھی 26روپے فی لٹر کم ہے۔