ٹیم آف ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کا اعلان، محمد رضوان کپتان نامزد  

Team of HBL Pakistan Super League 6 announced, Muhammad Rizwan named captain
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم آف ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کا اعلان کر دیا ہے۔ اعلان کردہ ٹیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے تین، تین جبکہ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے دو ،دو اور کراچی کنگز کا ایک کھلاڑی شامل ہے۔

ٹیم آف ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کا انتخاب ممتاز سابق کھلاڑیوں اور موجودہ کمنٹیٹرز پر مشتمل پینل نے کیا ہے۔

اس پینل میں ڈیوڈ گائور، پومی ایمبنگوا ،رمیز راجہ اور ثنا میر شامل ہیں۔ پینل کی سربراہی ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اور ٹیکنکل کمیٹی کے چیئرمین ندیم خان نے کی۔

محمد رضوان کو ٹیم آف ایچ بی ایل پی ایس ایل کا کپتان نامزد کیا گیا ہے۔ ان کی متاثر کن قیادت کی بدولت ملتان سلطانز نے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

یہ وہی ٹیم تھی جو لیگ کے کراچی مرحلے میں پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود تھی۔ محمد رضوان نے ٹورنامنٹ کے 12 میچز میں 500 رنز بنائے۔ اس دوران انہوں نے چار نصف سنچریاں بنائیں۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے ایونٹ کے دوران 45.45 کی اوسط اور 127.87 کے سٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے۔

وکٹوں کے پیچھے 20 شکار کرنے پر محمد رضوان کو ٹورنامنٹ کا بہترین وکٹ کیپر بھی قرار دیا گیا ہے۔

محمد رضوان اب تک مجموعی طور پر اعلان کردہ ٹیم آف ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے تیسرے کپتان نامزد ہوئے ہیں۔

اس سے قبل 2019ء میں سرفراز احمد اور 2020ء میں شاداب خان کو ٹیم آف ایچ بی ایل پی ایس ایل کا کپتان نامرد کیا گیا تھا۔

ٹیم آف ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں منتخب کردہ 11 کھلاڑیوں کو ایونٹ میں ان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت شامل کیا گیا ہے۔

آصف علی، بابر اعظم، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، اور وہاب ریاض دوسری مرتبہ ٹیم آف ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا حصہ بنے ہیں۔

ٹیم آف ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دو اوپنرز پاکستان کے کپتان بابر اعظم اورافغانستان کے بیٹسمین حضرت اللہ زازئی نامزد ہوئے ہیں۔

اس کے بعد کولن منرو، صہیب مقصود، محمد رضوان اور آصف علی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ کا حصہ ہوں گے۔

باؤلنگ لائن اپ کی قیادت وہاب ریاض کریں گے، یہاں انہیں حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور افغانستان کے راشد خان کا ساتھ میسر ہوگا۔