کشمیر کا سفیر بننے کی بجائے عمران خان کلبھوشن کا وکیل بن چکا ہے، بلاول بھٹو

کشمیر کا سفیر بننے کی بجائے عمران خان کلبھوشن کا وکیل بن چکا ہے، بلاول بھٹو
کیپشن: آزاد کشمیر کے فیصلے کشمیری نہیں، کٹھ پتلی کر رہا ہے، بلاول بھٹو
سورس: فوٹو/اسکرین گریب نیو نیوز

آزاد کشمیر: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام عمران خان کی بے روزگاری کا مقابلہ کر رہے ہیں اور کشمیر کے فیصلے کمشیری نہیں بلکہ کٹھ پتلی کر رہا ہے۔ 

انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نی کہا اب کشمیر کے فیصلے صرف اور صرف کشمیر میں ہوں گے اور شہید بینظیر بھٹو نے کشمیری عوام کا ساتھ دیا لیکن آج آزاد کشمیر کے عوام عمران خان کی بے روزگاری کا مقابلہ کر رہے ہیں اور یہاں کے عوام عمران خان کے مہنگائی کے سونامی کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام مودی کے ظلم کا مقابلہ کر رہے ہیں اور وہاں مودی اور آر ایس ایس کا راج ہے

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حملہ ہوتا ہے تو عمران خان کہتا ہے میں کیا کروں مقبوضہ کشمیرمیں مودی حکومت ظلم کر رہی ہے جبکہ کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار جمعہ والے دن بھی صرف ایک ہفتہ کیا، اس کٹھ پتلی نے کشمیر کا سودا کر لیا ہے، کشمیر کے فیصلے کشمیری عوام نہیں بلکہ کٹھ پتلی کررہے ہیں، کٹھ پتلی وزیراعظم کی ڈکٹیشن پر نہیں چلیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کا سفیر بنتے بنتے عمران خان اب کلبھوشن یادیو کا وکیل بن چکا ہے اور کلبھوشن یادیو کو این آر او دینے کے لئے آرڈیننس لایا گیا اور کلبھوشن نے آرڈیننس کا فائدہ نہیں لیا تو پارلیمان میں آگئے۔ عمران خان نے صرف کلبھوشن کو این آر او دیا ، اگر عمران خان نے کلبھوشن کو این آر او دینا ہے تو ہم اس کا ساتھ نہیں دیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ ہمارا نعرہ رائےشماری کا ہے اور کشمیر سے متعلق فیصلے صرف کشمیری عوام کریں گے جبکہ کشمیر کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کا وزیر اعظم منتخب کریں گے۔