خانیوال، زیبا قتل کیس کا ڈراپ سین، سفاک ملزم سگا چچا نکلا

خانیوال، زیبا قتل کیس کا ڈراپ سین، سفاک ملزم سگا چچا نکلا
کیپشن: خانیوال، زیبا قتل کیس کا ڈراپ سین، سفاک ملزم سگا چچا نکلا
سورس: فائل فوٹو

خانیوال: خانیوال میں چار سالہ ننھی پری زیبا قتل کیس کا ڈراپ سین ہو گیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان کا کہنا ہے کہ اس اندوہناک جرم میں کوئی اور نہیں بلکہ اس کا سگا چچا ملوث ہے۔

ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب ظفر اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس قتل کیس میں سفاک ملزم کو 24 گھنٹے میں گرفتار کر کے سامنے لے آئے ہیں اور چار سالہ زیبا کا سفاک قاتل سگا چچا بنیامین ہے جو شادی شدہ اور ایک بیٹے کا باپ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بچی کے لاپتا ہونے کی اطلاع بھی ملزم چچا بنیامین نے ہی دی تھی، جو اسے بے دردی سے قتل کرنے کے بعد احتجاجی مظاہرے میں پیش پیش تھا۔ ملزم میڈیا پر بچی کے قاتل کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتا رہا اور سفاک قاتل نے تفتیش کے دوران ڈی پی او علی وسیم کو بتایا کہ اپنے بھائی اور بھابھی کے ساتھ رنجش کی بنا پر انھیں اذیت پہنچانے کیلئے اس نے یہ گھناؤنا فعل سرانجام دیا۔

ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب ظفر اقبال نے بتایا کہ سفاک قاتل بچی کی لاش کو رکشا میں لے کر کھیت میں پھینکنے گیا۔ ملزم نے زیادتی نہیں کی اور اغوا کے پہلے روز ہی گلا دبا کر قتل کر دیا تھا۔