ٹو بہ ٹیک سنگھ ،مردم شماری عملے کیساتھ تلخ کلامی پر 3 منشیات فروش گرفتار

ٹو بہ ٹیک سنگھ ،مردم شماری عملے کیساتھ تلخ کلامی پر 3 منشیات فروش گرفتار

ٹوبہ ٹیک سنگھ :ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پولیس نے مردم شماری کے عملے کو پولیس ٹیم سمجھ کر ان سے بدتمیزی کرنے والے 3 مشتبہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مردم شماری کی ٹیم گوجرہ صدر پولیس اسٹیشن کی حدود میں چک نمبر 351 جے بی کلیان داس میں واقع سعید احمد باجوہ کے گھر پر گئی، تاہم گھر میں موجود 3 افراد ظہیر، ندیم اور بلال نے اسے پولیس چھاپہ سمجھا اور عملے کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کرکے فرار ہوگئے۔ 

اطلاع ملنے پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) اظہر یعقوب اور گوجرہ صدر کے ایس ایچ او سعید الرحمٰن نے ملزمان کا تعاقب کیا اور انھیں گرفتار کرلیا۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک غیر لائسنس یافتہ رائفل اور گولیاں برآمد کرکے اپنے قبضے میں لے لیں اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انھیں جیل بھیج دیا گیا واضح رہے کہ ملک بھر میں چھٹی مردم شماری کا عمل 15 مارچ سے جاری ہے۔
19 سال بعد ملک میں مردم وخانہ شماری کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے شمار کنندہ عملے میں مختلف محکموں کے 1 لاکھ 18 ہزار افراد کو شامل کیا گیا ہے، ان تمام افراد کو مردم شماری کے لیے خصوصی تربیت بھی فراہم کی گئی ہے۔جبکہ متعلقہ اضلاع میں 1 لاکھ 75 ہزار فوجی اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔