کلاس میں سوئی طالبہ کو جگانے کے لیے استاد نے منہ سے بال پکڑلیے

کلاس میں سوئی طالبہ کو جگانے کے لیے استاد نے منہ سے بال پکڑلیے

دبئی :سوشل میڈیا پر ایک وڈیو کلپ گردش میں آیا ہوا ہے جس میں کلاس کے اندر ایک استاد کو انوکھے انداز سے اپنی طالبہ کو جگاتے ہوئے دکھایا گیا ہے جو دوران سبق گہری نیند کی آغوش میں چلی گئی تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق وڈیو میں نظر آنے والا استاد طالبہ کے قریب آیا اور پھر اپنے م±نہ سے اس کے سر کے بال پکڑ کر زور سے کھینچ ڈالے۔
طالبہ یک دم گھبرا کر جاگ گئی اور خوف کے آثار اس کے چہرے پر نمایاں ہو گئے۔ بعد ازاں استاد اور کلاس میں موجود بقیہ طلبہ کِھل کِھلا کر ہنسنے لگے۔لگتا ہے ایسا کہ خوش قسمتی سے طالبہ کا سر جووں سے پاک تھا ورنہ بالوں کو منہ میں لینے کے بعد استاد کی ساری تفریح دھری کی دھری ہی رہ جاتی۔وڈیو کے ذریعے یہ نہیں معلوم ہو سکا کہ یہ واقعہ کب اور کہاں پیش آیا تاہم سوشل میڈیا پر یہ وسیع پیمانے پر پھیل چکی ہے۔
وڈیو میں استاد کی جانب سے اس اقدام کے حوالے سے لوگوں کے مختلف تبصرے سامنے آئے ہیں۔ بعض نے اس کو انتہائی سطحی حرکت قرار دیا جو تعلیم کے پیشے کے شایانِ شان نہیں جب کہ بعض کے نزدیک یہ محض ایک تفریحی مذاق تھا۔