بی جے پی کا ممبئی میں واقع قائداعظم کی رہائش گاہ" جناح ہاؤس " کو گرانے کا مطالبہ

بی جے پی کا ممبئی میں واقع قائداعظم کی رہائش گاہ

ممبئی : جناح تقسیم کی علامت ہیں اور اس عمارت کو منہدم کر دینا چاہیے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کے ایک اہم رکن منگل پرابھات لودھا نے مطالبہ کیا ہے کہ ممبئی میں واقع محمد علی جناح کی ملکیتی رہائش گاہ کو منہدم کیا جائے اور اس کی جگہ ایک کلچرل سینٹر  تعمیر کیا جائے ۔منگل پرابھات کا کہنا ہے کہ اس عمارت کو دیکھ کر تقسیم کی یاد آتی ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ممبئی میں پراپرٹی کے بزنس سے وابستہ منگل پرابھات لودھا نے قانون ساز اسمبلی سے خطاب کے دوران کہا، 'جنوبی ممبئی میں واقع جناح کی رہائش گاہ سے ہی تقسیم کی سازش کا آغاز ہوا تھا۔ لودھا نے مزید دعویٰ کیا کہ پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کو اس عمارت کی مینٹی نینس اور دیکھ بھال پر ہزاروں ہندوستانی روپے خرچ کرنے پڑتے ہیں۔انھوں نے مطالبہ کیا، اس عمارت کو منہدم کیا جانا چاہیے اور مہاراشٹرا کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک کلچرل سینٹر تعمیر کیا جانا چاہیے، جہاں بھارت کی شاندار تاریخ کو بھی پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ بی جے پی رکن اسمبلی کی جانب سے یہ مطالبہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب رواں ماہ کے آغاز میں ہندوستانی پارلیمنٹ نے 'دشمن کی جائیداد کے قانون' یعنی Enemy Property Act برائے 1968 میں متنازع ترامیم منظور کیں۔