وزیراعظم فساد پھیلانے حیدرآباد آئے، مولا بخش چانڈیو

وزیراعظم فساد پھیلانے حیدرآباد آئے، مولا بخش چانڈیو

حیدر آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے حیدر آباد میں بدنیتی پر کیے گئے اعلانات کی کوئی اہمیت نہیں وہ فساد پھیلانے حیدرآباد آئے۔ حیدرآباد میں یونیورسٹی کی سیاسی بات کی ان کے اعلانات کی کوئی اہمیت نہیں۔

حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وزیراعظم نے حیدر آباد میں جو اعلانات کیے وہ بدنیتی پرمبنی ہیں،  انہوں نے شہر میں یونیورسٹی قائم کرنے کی بھی سیاسی بات کی ہے لہذا ان اعلانات کی کوئی اہمیت نہیں، نوازشریف اپنے دونوں ادوار میں حیدر آباد میں کیوں نہیں آئے، بس ایک بار فساد پھیلانے آئے، اب اعلانات سے کچھ نہیں ہوگا، وزیراعظم نے 5 یا 10 کروڑروپے کے اعلانات کیے ہیں وہ جب ملیں گے تو دیکھیں گے لیکن پہلے سندھ والوں کی بنیادی ضروریات پوری کریں۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کا سندھ میں کوئی وجود نہیں، سندھ صرف پیپلزپارٹی کا ہے جسے کو کوئی فتح نہیں کرسکتا اور ناکامی کامنہ دیکھنے والے پیپلزپارٹی کامقابلہ نہیں کرسکتے۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ آصف زرداری پر تنقید کرنا (ن) لیگ کو زیب نہیں دیتا، ہم ہر دور میں کاغذی شیر کے سامنے کھڑے رہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پرمخصوص لوگوں نے قبضہ کررکھا ہے اور (ن)لیگ صرف مخصوص لوگوں کی ترجمان ہے کیوں کہ یہ مفاد پرستوں کی جماعت ہے، علاقائی جماعت اس کی علاقائی سوچ ہے، ہمارے اور (ن) لیگ کے رویئے میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے انتخاب آئیں گے حیرت انگیز اتحاد بنیں گے، میرا نوازشریف سے سوال ہے کہ پچھلے انتخاب میں جو اتحادی بنائے تھے وہ اب کہاں ہیں۔