خادم حسین رضوی اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس کی کارروائی شروع

خادم حسین رضوی اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس کی کارروائی شروع

اسلام آباد: تحریکِ لیبیک یا رسول اللہ کے رہنما خادم حسین رضوی اور ان کے 480 ساتھیوں کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس نے عدالت کے حکم پر کارروائی شروع کر دی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے ایس ایس ایس نجیب رحمان نے کہا کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کی نگرانی میں آٹھ اراکین پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی ہے تاکہ وارنٹ گرفتاری پر عمل دارآمد کروایا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد کے مختلف پولیس سٹیشن میں خادم حسین رضوی اور دھرنے میں شامل 480 افراد کے خلاف 28 مقدمات درج ہیں۔ خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے لیے انویسٹیگیشن آفیسر کی نگرانی میں ٹیم بھجوائی گئی ہے۔

ایس ایس پی نجیب الرحمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کی ان ٹیموں کو مقامی پولیس سٹیشنوں کی معاونت بھی حاصل ہے اور یہ چند دن بعد واپس آ کر پیش رفت سے آگاہ کریں گی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت نے خادم حسین رضوی اور افضل قادری کو عدالتی مفرور قرار دیتے ہوئے انھیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

راولپنڈی اور اسلام آباد کے سنگم فیض آباد انٹرچینج پر مذہبی تنظیم تحریک لبیک یا رسول اللہ نے گذشتہ سال نومبر میں دھرنا دیا تھا۔