ملک بھر میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 1200 سے بڑھ گئی

ملک بھر میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 1200 سے بڑھ گئی
کراچی میں کورونا وائر سے متاثرہ افراد کی تعداد 153 ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تاحال رک نہ سکا اور جمعہ کو بھی مزید کیسز سامنے آنے سے ملک میں مجموعی تعداد 1200 سے بڑھ گئی ہے۔ملک میں اس مہلک وائرس کے کیسز کو آئے ہوئے ایک مہینہ سے زیادہ ہوچکا ہے اور اس عرصے میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔


سب سے زیادہ سندھ اس سے متاثر ہے تاہم پنجاب میں تیزی سے کیسز میں اضافے کے بعد دونوں صوبوں کے کیسز کی تعداد میں زیادہ فرق نہیں۔

جمعہ کو سامنے آنے والے کیسز کے بعد ملک میں اب تک متاثرین کی تعداد 1203 ہو چکی ہے۔

اس حوالے سے سرکاری ویب سائٹ کے اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 2 نئے کیس سامنے آئے۔ ان 2 کیسز کے سامنے آںے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 27 ہوگئی۔ان 2 کیسز کے سامنے آںے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 27 ہوگئی۔

گلگت بلتستان میں وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث مزید 7 کیسز رپورٹ ہوئے۔ان 7 نئے کیسز کے بعد علاقے میں 91 متاثرین ہوگئے ہیں۔

سرکاری سطح پر یہ بھی بتایا گیا کہ آزاد کشمیر میں بھی ایک کیس سامنے آیا، جس کے بعد وہاں تعداد 2 ہوگئی۔

مجموعی طور پر ملک کے مختلف صوبوں کے کیسز کی بات کریں تو سندھ میں 421، پنجاب میں 408، بلوچستان میں 131 اور خیبرپختونخوا میں 121 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 23 افراد اس وائرس سے صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

دریں اثنا ملک میں اس وائرس سے اموات کو دیکھیں تو خیبرپختونخوا میں 3، پنجاب میں 3، سندھ میں ایک، بلوچستان میں ایک اور گلگت بلتستان میں ایک فرد انتقال کرچکا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت 18 مارچ کو سامنے آئی جبکہ اسی روز دوسری موت کی بھی تصدیق کردی گئی۔

18 مارچ کو خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمو جھگڑا نے مردان میں پہلے شخص کے کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرجانے کے بارے میں آگاہ کیا۔

بعد ازاں کچھ ہی دیر میں انہوں نے ہنگو میں دوسرے فرد کی موت کی تصدیق کی۔

20 مارچ کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں وائرس سے ایک مریض کا انتقال ہوا تو اس طرح تعداد 3 تک جا پہنچی۔

22 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہی ایک اور مریض کے انتقال کی خبر سامنے آئی تو کچھ ہی دیر بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا علاج کرنے والا ڈاکٹر اسی عالمی وبا کا شکار ہوکر جان کی بازی ہار گیا۔

اگلے ہی دن یعنی 23 مارچ کو بلوچستان حکومت کی جانب سے صوبے میں کورونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا۔جہاں ایک طرف متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ سامنے آرہا تھا وہیں 24 مارچ کو پنجاب میں بھی پہلی ہلاکت سامنے آگئی۔پنجاب میں ہونے والی یہ موت ملک میں مقامی سطح پر منتقل ہونے والے کیس سے پہلا انتقال تھا۔

علاوہ ازیں 25 مارچ کو بھی ملک میں ایک اور موت کی تصدیق ہوئی اور راولپنڈی میں 50 سالہ خاتون دم توڑ گئیں۔26 مارچ کو لاہور کے نجی ہسپتال میں ایک مریض جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے 3 اور ملک میں مجموعی طور پر 9 اموات ہوگئیں۔