کرکٹر سچن ٹنڈولکر بھی عالمی وبا کا شکار ہو گئے

لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر بھی عالمی وبا کا شکار ہو گئے

نیو دہلی: دنیا کے نامور کرکٹر اور بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر بھی عالمی وبا کا شکار ہو گئے ، ٹیسٹ مثبت آنے پر انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ۔

اپنے ٹویٹر پیغام میں سچن نے کہا کہ اُن کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جبکہ باقی گھر والوں کا ٹیسٹ منفی آیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں نے معمولی علامات کی تصدیق ہونے کے بعد مجھے قرنطینہ کا مشورہ دیا ۔

سابق کپتان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارے ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ، مرض کے پھیلاؤ کی وجہ سے ہسپتالوں میں بیڈز کی تعداد میں کمی واقع ہوچکی ہے ۔

اس وبا سے لڑنے کیلئے عوام کو متحد ہو کر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہے ، اگر ہم ایک دوسرے کا خیال رکھیں گے اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے تو وبا سے بچیں گے ۔

واضح رہے کہ بھارت میں یومیہ کیسز 10 ہزار سے کم رہ گئے تھے جو ایک بار پھر بڑھ کر یومیہ 47 ہزار کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں ۔ بھارت میں 2 ، 3 روز میں 47 ہزار پر کیسز پہنچ چکے ہیں ۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ وبا کا پھیلاؤ بھارت سمیت پورے خطے میں ہے ۔ خطے میں وبا کا تیزی سے پھیلاؤ انتہائی تشویشناک ہے ۔

دوسری جانب عالمی وبا دنیا بھر میں 27 لاکھ ، 79 ہزار سے زائد قیمتی جانیں نگل چکی ہے جبکہ 12 کروڑ ، 67 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ۔

مائیکرو سافت کے بانی بل گیٹس نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا آئندہ سال کے اختتام سے قبل معمول پر نہیں آئے گی ۔ بھیانک خواب کا یہ عرصہ آئندہ سال کے اختتام تک جاری رہے گا ۔