ملک میں اس وقت  نیکی اور بدی کی جنگ ہے ،شفقت محمود

ملک میں اس وقت  نیکی اور بدی کی جنگ ہے ،شفقت محمود

لاہور: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)  پنجاب کے صدر اور  وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا ہے کہ  ملک میں اس وقت  نیکی اور بدی کی جنگ ہے ،پوری قوم عمران  خان کے ساتھ کھڑی ہے۔

اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں آج  ہونے والے ’امر بالمعروف‘ جلسے کے لیے لاہور سے روانگی سے قبل کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی خریدوفروخت عوام نے مسترد کردی، پاکستان کے عوام آج اپنا فیصلہ سنا دیں گے۔انہوں نے عوام سے اسلام آباد پہنچنے کی اپیل کی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اپوزیشن والے  بیرونی قوتوں کے غلام ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جن کا پیسہ بیرون ملک ہے، صرف لوٹ  مار کا پروگرام بنا رہے ہیں۔  ان  کی کوششیں ملک کو پیچھے دھکیلنے کیلئے ہیں۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما  اعجاز چوہدری نے کہا کہ  12،10 ایم این ایز کو خریدنے کیلئے اربوں روپے بہا دیے گئے ، سندھ ہاؤس عیاشی کا اڈہ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سوات  میں لوگوں کو بند کیا ، نوازشریف نے چھانگامانگا اور مری میں لوگوں کو بند کیا ، کیا خریدوفروخت کا بازار ایسے ہی چلتا رہے گا ؟

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان امت مسلمہ کا ہیرو اور پاکستانیوں کا نجات دہندہ ہے ، پورا پاکستان جلسہ گاہ بن چکا ہے۔ استعماری قوتوں کے مقابلے میں کھڑ اہونے والا آج قوم سے خطاب کرے  گا ۔

مصنف کے بارے میں