عوام امر بالمعروف جلسہ میں شرکت کیلئے جلد اسلام آباد پہنچیں: فواد چودھری

عوام امر بالمعروف جلسہ میں شرکت کیلئے جلد اسلام آباد پہنچیں: فواد چودھری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ امر بالمعروف جلسہ میں شرکت کے لئے جلد اسلام آباد پہنچیں ۔

اپنے ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سڑکوں سے اپوزیشن کے قافلے غائب ہو چکے ہیں ، تمام راستے تمام قافلے عمران خان کے ہیں ۔ عمران خان نے آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی اور معیشت کو پاؤں پر کھڑا کیا ۔

فواد چودھری نے مزید کہا کہ وہ پاکستان جس کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ یہاں پیسے سے ہر ایک کو خریدا جا سکتا ہے ، آج وہ پاکستان عمران خان کی وجہ سے سر اٹھا کر کھڑا ہے ۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف آج شہراقتدار میں عوامی طاقت کا اظہار کر رہی ہے ۔ جس کیلئے مختلف شہروں سے کارکنان کے قافلے اسلام آباد کی جانب چل پڑے ہیں ۔ لاہور سے میاں اسلم اقبال ، اعجاز چودھری اور شفقت محمود قافلے لے کر اسلام آباد کی جانب چل پڑے ۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کی تاریخ بنانے نکلے ہیں ، عوام رش سے بچنے کے لیے گھروں سے جلدی نکلیں ۔ وزیراعظم عمران خان ہیلی کاپٹر پر پریڈ گراؤنڈ میں اتریں گے جس کیلئے ہیلی پیڈ تیار کرلیا گیا ہے ۔