شاہ زین بگٹی کل واپس پی ٹی آئی کا حصہ بن جائیں گے: فواد چودھری

شاہ زین بگٹی کل واپس پی ٹی آئی کا حصہ بن جائیں گے: فواد چودھری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی کل واپس پی ٹی آئی کا حصہ بن جائیں گے ۔

اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اسد عمر کی کل شاہ زین بگٹی سے ملاقات ہونی ہے ، جس کے بعد وہ واپس حکومت میں آجائیں گے ۔ فواد چودھری کے مطابق ، پہلے 12 پی ٹی آئی ارکان نے پریس کانفرنس کی ، ان میں سے 4 واپس آچکے ہیں ۔ تحریک عدم اعتماد کے لیے ووٹ سے ایک گھنٹہ پہلے تک صورتحال بدلتی رہے گی ، کسی پر کوئی قدغن نہیں ، فیصلے ان کو خود کرنے ہیں ۔

واضح رہے کہ جمہوری وطن پارٹی نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے ۔ جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس کے بعد شاہ زین بگٹی نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ساتھ ہیں ۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم جمہوری وطن پارٹی اور شاہ زین بگٹی کے شکر گزار ہیں ، انہوں نے کہا کہ جمہوری وطن پارٹی نے جرات مندانہ فیصلہ کیا ہے ۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ حقیقی عوامی نمائندے آنے تک ہم عوامی مسائل سے نہیں نکل سکیں گے ، عوام ہماری طرف دیکھ رہی ہے ۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دیگر اتحادیوں سے بھی بات چیت جاری ہے ، اتحادی اپنا فیصلہ کر چکے ہیں اب ان پر ہے کہ وہ کب عوام کو اپنا فیصلہ سناتے ہیں ۔ حکومت نے اپنے اتحادیوں سے بہت وعدے کیے مگر ان پر عملدرآمد نہیں کیا گیا ، انہوں نے کہا عمران خان نے جیسے عوام کو دھوکا دیا ایسے ہی اتحادیوں کے ساتھ بھی کیا ۔

مصنف کے بارے میں