ملک اتنا بدقسمت نہیں کہ عمران خان وزیراعظم بن جائے، رانا ثنااللہ

ملک اتنا بدقسمت نہیں کہ عمران خان وزیراعظم بن جائے، رانا ثنااللہ
فوٹو: فائل

لاہور : وزیرقانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ملک اتنا بدقسمت نہیں کہ عمران خان جیسا پاکستان کا وزیراعظم بن جائے، مسلم لیگ ن نے فیصلہ کیا ہے ہرقیمت پرالیکشن لڑے گی، الیکشن میں غیرقانونی اورغیر آئینی اقدام قبول نہیں کیا جائے گا۔


میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے مطالبہ کیا کہ پرویز مشرف کو پاکستان واپس لایا جائے، اورانصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پنڈی کے شیطان نے آج تک صحیح بات نہیں کی۔ ایٹمی دھماکے کا فیصلہ نوازشریف نے ہی کیا تھا۔ نوازشریف کی ہدایت پر17 دن میں ایٹمی دھماکے کے انتظامات کیے گئے تھے۔ نوازشریف نے اربوں ڈالر امریکی امداد ٹھکرا کر بھارت کے مقابلے میں چھ ایٹمی دھماکے کیے۔ انہوں نے کہا کہ آج عوامی وزیراعظم ایک دن میں دودو پیشیاں بھگت رہا ہے۔ نواز شریف کا قصور عوام کو آگے لے جانے اور ملک کو ایٹمی قوت بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں عدم برداشت کا کلچر فروغ نہیں پانا چاہیے۔ وزیرقانون پنجاب نے ایک سوال پر کہا کہ یہ ملک اتنا بدقسمت نہیں کہ عمران خان جیسا پاکستان کا وزیراعظم بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے حقوق پرکسی جماعت کواختلاف نہیں ہے۔ ہمارے پاس 10 ہزارسے زیادہ کانسٹیبلز کی تربیت کی گنجائش نہیں۔ پولیس کے سیکڑوں جوانوں نے اپنا آج کل کیلئے قربان کیا ہے۔