وادی شوال میں دہشتگردوں کا حملہ، پاک فوج کا جوان شہید

وادی شوال میں دہشتگردوں کا حملہ، پاک فوج کا جوان شہید
کیپشن: دہشت گردوں نے مکی گڑھ چیک پوسٹ پرحملہ کیا جسے پسپا کر دیا گیا، آئی ایس پی آر۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈٰیو پاکستان

شوال: شمالی وزیرستان کی شوال ویلی میں دہشت گردوں کے مکی گڑھ چیک پوسٹ پر حملے میں پاک فوج کا جوان شہید ہو گیا جبکہ بویا چیک پوسٹ سے ڈیڑھ کلو میٹر دور 5 لاشیں ملی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کی شوال ویلی میں دہشت گردوں نے مکی گڑھ چیک پوسٹ پرحملہ کیا جسے پسپا کر دیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہو گیا۔

دوسری طرف آئی ایس پی آر کے مطابق بویا چیک پوسٹ سے ڈیڑھ کلو میٹر دور 5 لاشیں ملی ہیں۔ پانچوں لاشیں پاک فوج کی پٹرولنگ ٹیم کو سیم نالے سے ملیں اور لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

خیال رہے گزشتہ روز آئی ایس پی آر نے بتایا تھا محسن جاوید اور علی وزیر کی قیادت میں خاڑ کمر چیک پوسٹ پر حملے میں پانچ جوان زخمی ہوئے تھے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں حملہ کرنے والے تین افراد مارے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علی وزیر 8 ساتھیوں سمیت زیر حراست ہیں جب کہ محسن جاوید ہجوم کو مشتعل کرنے کے بعد فرار ہو گیا تھا۔