خلیج تعاون کونسل کا ہنگامی اجلاس، سعودی فرمانروا نے قطری امیر کو بُلا لیا

خلیج تعاون کونسل کا ہنگامی اجلاس، سعودی فرمانروا نے قطری امیر کو بُلا لیا
کیپشن: جون 2017 میں سعودی عرب نے قطر پر دہشت گردوں کی حمایت کرنے کا الزام لگاتے ہوئے تعلقات منقطع کر لیے تھے۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

دوحا: سعودی عرب اور قطر کے درمیان تقریباً 2 سال سے جاری سرد تعلقات میں نرمی آنے لگی جس کی مثال سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے خلیج تعاون کونسل کے ہنگامی اجلاس میں قطری امیر کو مدعو کرنا ہے۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے قطری امیر شیخ تمیم بن حمد التھانی کو 30 مئی کو ہونے والے خلیج تعاون کونسل کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کا تحریری پیغام موصول ہوا ہے۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق سعودی فرمانروا کا پیغام نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبداللہ رحمان التھانی کو اُس وقت موصول ہوا جب وہ جی سی سی کے سیکرٹری جنرل عبدالطیف بن راشد الزیانی کے ساتھ دوحا میں اجلاس میں مصروف تھے۔

سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی جانب سے قطر سے تعلقات منقطع کیے جانے کے بعد سرکاری طور پر سعودی عرب کا قطر سے یہ پہلا باضابطہ رابطہ ہے۔

خیال رہے کہ جون 2017 میں سعودی عرب، مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات نے قطر پر دہشت گردوں کی حمایت کرنے کا الزام لگاتے ہوئے زمینی، سمندری اور فضائی پابندی لگاتے ہوئے تعلقات منقطع کر لیے تھے۔