عبدالحفیظ شیخ کو بجٹ پیش کرنے سے روکنے کی درخواست خارج

عبدالحفیظ شیخ کو بجٹ پیش کرنے سے روکنے کی درخواست خارج
کیپشن: Image Source: Govt Of Pakistan Twitter Account

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے  عبدالحفیظ شیخ کو بجٹ پیش کرنے سے روکنے کے لیے دائر درخواست کو نا قابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق ، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہرمن اللہ نے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو بجٹ پیش کرنے سے روکنے کی درخواست پرسماعت کی۔عدالت میں سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ آئین کے مطابق مشیر خزانہ بجٹ پیش نہیں کرسکتے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو وزیرخزانہ کی تقرری تک حکومت کو بجٹ پیش کرنے سے روکنے کا حکم دے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ رولز میں کہاں لکھا ہے کہ بجٹ کون پیش کرسکتا ہے، یہ عدالت آپ کو وقت دے رہی ہے تیاری کرکے آئیں ایسی پٹیشن کو عدالت میں نہ لایا کریں۔

عدالت نے حفیظ شیخ کو بجٹ پیش کرنے سے روکنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔

واضح رہے درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ حفیظ شیخ مشیر خزانہ ہیں اور انہوں نے ابھی تک حلف بھی نہیں لیا، آئین کے مطابق مشیر خزانہ بجٹ پیش نہیں کر سکتے۔