وزیراعظم قرضوں پر معیشت چلا کر آئندہ آنیوالی نسلوں کیلئے گڑھا کھود رہے ہیں، بلاول بھٹو

وزیراعظم قرضوں پر معیشت چلا کر آئندہ آنیوالی نسلوں کیلئے گڑھا کھود رہے ہیں، بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان قرضوں پر ملکی معیشت چلا کر آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے گڑھا کھود رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سخت شرائط پر قرضے لے کر معیشت چلانے کا تجربہ آئندہ حکومتوں کیلئے بھی مسائل پیدا کرے گا۔ عمران خان کشکول اٹھائے واشنگٹن، ریاض، دبئی اور بیجنگ گھومتے رہے اور ملکی وقار خاک میں ملا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے فیصلے عمران خان نے قرض دینے والے ممالک کے ہاتھوں میں سونپ دئیے ہیں۔ صرف اس سال عمران خان 35 فیصد اضافے کے ساتھ 10 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ لے چکے ہیں۔ عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد بیرونی قرضے 95 ارب ڈالر سے بڑھ کر 21 ارب ڈالر اضافے کے ساتھ 116 ارب ڈالر ہو چکے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر عمران خان اسی رفتار سے قرض لیتے رہے تو قوم کو مستقبل میں سخت حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے بچے بچے کو قرض کی دلدل میں دھکیل کر ملک کے مستقبل کو داؤ پر لگانے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی نااہلی سے واقف ہونے کے باوجود عمران خان نے صرف اپنی انا کی تسکین کیلئے پاکستان کو معاشی تباہی سے دوچار کردیا۔ وزیراعظم معاشی ترقی کے دعوے کرنے سے قبل ایک تنخواہ دار عام آدمی کے گھر کے حالات کی خبر لیں جہاں مہنگائی نے قیامت ڈھا دی ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے مزید تین امیدواروں کے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔ آزاد جموں کشمیر ایل اے 10 کوٹلی 03 سے چودھری یاسین پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔

آزاد جموں کشمیر ایل اے 21 سدھنوتی و پونچھ 04 سے سردار یعقوب پاکستان جبکہ آزاد جموں کشمیر ایل اے 25 نیلم ویلی 01 سے میاں وحید پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار ہوں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے لئے تین نئے امیدواروں سمیت اب تک 45 میں سے 37 امیدواروں کے ناموں کی منظوری دے چکے ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر کے حوالے سے قائم پی پی پی پارلیمانی بورڈ کے سربراہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دیگر 08 حتمی امیدواروں کے ناموں کا فیصلہ بعد میں کریں گے۔