سندھ میں امن و امان تباہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کریں گے: وفاقی وزیر داخلہ

سندھ میں امن و امان تباہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کریں گے: وفاقی وزیر داخلہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سندھ میں امن و امان کو تباہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے تمام تر اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے گورنرسندھ عمران اسماعیل سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی جس دوران صوبے میں سیاسی و امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ میں امن و امان کو تباہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور صوبے کا امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے تمام تر اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
قبل ازیں انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کی جس دوران وفاقی سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی علی نواز بھی وہاں موجود تھے جبکہ ملاقات میں سندھ بالخصوص کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور شیخ رشید نے صوبے میں ڈاکوؤں کے خاتمے کیلئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے وزیرداخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان خطرناک ممالک کی فہرست میں چھٹے نمبر پر تھا لیکن اب 126 پر ہے، پہلے سندھ میں لوگ خطرے کی وجہ سے اپنی جان پہچان والوں کے ساتھ سفر کرتے تھے تاہم 2007ءمیں پیپلز پارٹی کی حکومت نے گرینڈ آپریشن کرکے ہائی ویز کلیئر کروائیں اور امن و امان بحال کیا، کراچی میں بھی امن و امان اتنا خراب تھا کہ نو گو ایریا بن گئے تھے۔ 
کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اور پولیس کے مابین مقابلوں اور شہید اہلکاروں کے حوالے سے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پورا سندھ گڈو سے کوٹری بیراج تک کچا ایریا ہے، صرف 5 سے 6 کلومیٹرز کا گھنا جنگل ہے، کشمور سہ رخی بارڈر کا شہر ہے، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے بارڈرز کو آپس میں ملاتا ہے، جنگل میں جرائم پیشہ افراد دریا میں پانی آنے سے راستہ بند کردیتے ہیں، 23 مئی کو پولیس نے 8 مغویوں کو شکارپور کے کچے سے بازیاب کرانے کیلئے آپریشن کیا تو ڈاکوؤں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے شیخ رشید سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ وزیر داخلہ ہیں، جب بھی چاہیں آ جائیں، ہم مل کر کام کریں گے، آپ کو سندھ میں خوش آمدید کہتے ہیں جس پر وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کسی بھی چیز کی ضرورت پڑے وزارت داخلہ مہیا کرے گی، رینجرز حاضر ہے ، جب چاہے سندھ حکومت ان کی آپریشن میں خدمات لے سکتی ہے۔