بابراعظم دنیا کے مشکل ترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں: پیٹ کومنز

بابراعظم دنیا کے مشکل ترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں: پیٹ کومنز
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر پیٹ کومنز نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو اپنے کیرئیر میں اب تک کا مشکل ترین بلے باز قرار دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پیٹ کومنز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر ہیں جنہوں نے 2011 ءمیں انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کے بعد اب تک 34 ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 21.6 کی اوسط کیساتھ 164 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں جبکہ ان کا اکانوی ریٹ 2.74 رہا۔ 
سڈنی میں پیدا ہونے والے پیٹ کومنز نے 69 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 111 وکٹیں لیں جبکہ 30 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلتے ہوئے 37 وکٹیں اپنے کھاتے میں ڈالیں۔ 
اپنے حالیہ انٹرویو میں انہوں نے چند ایسے بلے بازوں کا ذکر کیا جنہیں باؤلنگ کرتے ہوئے انہوں نے بھرپور لطف اٹھایا، ان باؤلرز میں جو روٹ، ویرات کوہلی، بابراعظم، اے بی ڈویلیئرز اور کین ولیم سن شامل ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام کھلاڑی دنیا کے بہترین بلے باز ہیں جن کی بیٹنگ میں ایسی کوئی خامی نظر نہیں آتی کا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں آؤٹ کیا جا سکے اور یہی وجہ ہے کہ ان بلے بازوں کو باؤلنگ کرنا خاصا چیلنجنگ ہوتا ہے۔ 
ہر ٹیم میں کچھ ایسے کھلاڑی ہوتے ہیں جنہیں باؤلنگ کرنا خاصا مشکل ہوتا ہے لیکن باؤلرز کیلئے ایسے لمحات چیلنجز کی طرح ہوتے ہیں اور ایسے کسی بھی بلے باز کی وکٹ کسی بڑے انعام کی طرح ہوتی ہے۔