آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا: معاون خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود

آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا: معاون خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر مشاورت جاری ہے اور اس مرتبہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین فیض اللہ کموکا کی زیر صدارت ہوا جس میں معاون خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے مالی سال کے بجٹ پر کام کر رہے ہیں، اتفاق رائے سے آئندہ بجٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 5 فیصد رکھا گیا ہے، بجٹ میں مہنگائی کا ہدف 8.2 فیصد اور بجٹ خسارہ 6.3 فیصد رکھا گیا ہے جبکہ ملکی مجموعی قرضہ جی ڈی پی کے 81.4 فیصد کا تخمینہ لگایا گیا ہے، ملکی معیشت کا حجم 54 ہزار 341 ارب ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ڈاکٹر وقار مسعود نے بتایا کہ آئی پی پیز کی ادائیگیوں اور پاور سیکٹر کیلئے سبسڈیز جاری رہیں گی، مالی سال 22-2021ءمیں 7 ہزار 989 ارب روپے گراس ریونیو کا ہدف رکھا گیا ہے، رواں مالی سال کا مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کا 7.3 فیصد ہے، رواں مالی سال 4100 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ رواں مالی سال 4700 ارب روپے ٹیکس اکٹھا ہوگا۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ اب بھی دباﺅ میں ہے، خوراک کی مہنگائی کے حوالے سے آئی ایم ایف سہولت دے گا، کورونا کی وجہ سے آئی ایم ایف پروگرام کے 4 جائزے تعطل کا شکار رہے، آئی ایم ایف کی باقی شرائط پر عملدرآمد کیا جائے گا۔