کراچی میں مقامی ہوٹل کی چھت گر گئی،2 افراد جاں بحق

کراچی میں مقامی ہوٹل کی چھت گر گئی،2 افراد جاں بحق

کراچی: شہر قائد  میں مقامی ہوٹل  کی  چھت کا ایک حصہ گرنے سے دو افراد جاں بحق  جبکہ  دو خواتین  زخمی ہو گئیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے تاہم تخریب کاری کے کوئی شواہد نہیں ملے، پولیس نے بھی واقعے کو حادثہ قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کراچی کے  نجی  ہوٹل کی چھت گرنے  سے دو افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس رینجرز اور دیگر ریسکیو ادارے موقع پر پہنچے اور زخمی خواتین اور لاشوں کو نکال کر جناح اسپتال منتقل کیا ۔

حادثہ میں جاں بحق افراد کی شناخت رئیس احمد اور سید شاہ فراز کے نام سے ہوئی ، پولیس اور ہوٹل انتظامیہ کے مطابق واقعہ میں جاں بحق رئیس احمد کا تعلق حیدرآباد سے تھا، متوفی اپنی اہلیہ کے ساتھ نجی کمپنی کی تقریب کا مہمان تھا جو پی سی ہوٹل میں منعقد تھی واقعہ میں متوفی کی اہلیہ نفیسہ بھی زخمی ہیں ، پولیس کے مطابق واقعہ میں جاں بحق سید شاہ فراز پی سی ہوٹل کی کار سروس کا ڈرائیور تھا جبکہ زخمی دوسری خاتون نرگس زوجہ راشد نجی کمپنی کی تقریب کی مہمان تھیں ،زخمی نرگس کی حالت خطرہ سے باہر ہے ۔

واقعہ کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی جائے حادثہ پہنچا اور شواہد جمع کیئے ، پولیس کے مطابق واقعہ میں تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے ۔دوسری جانب ہوٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے تمام اداروں نے تحقیقیات مکمل کر لی ہے ، یہ حادثہ تھا لیکن پھر بھی اس کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں ، قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہیں ، ہوٹل انتظامیہ زخمی اور جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں ، متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائیگی۔

مصنف کے بارے میں